حکومت نے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے عوام کو سستے پیٹرول کی فراہمی کے منصوبے کے تحت 24 ہزار موبائل فونز خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور وزارتِ آئی ٹی نے 24 ہزار موبائل فونز کی خریداری کے لیے ‘اظہارِ دلچسپی’ طلب کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے واضح کیا کہ ان فونز کی خریداری کے لیے قومی خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا جائے گا، کیونکہ تمام فونز کی رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیاں فراہم کریں گی، جبکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ان فونز کی قیمت کا تعین کرے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت اوگرا ڈیش بورڈ کو فعال کیا جا رہا ہے، جو ڈیجیٹل پیمنٹس کے فروغ اور پیٹرولیم سپلائی چین کی مکمل اور شفاف نگرانی کے لیے استعمال ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ طویل المدتی اصلاحات کے ذریعے توانائی کے بحران سے نمٹنے کی قومی صلاحیت میں بہتری آئے گی، اور اوگرا ڈیش بورڈ کی مدد سے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سپلائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






