آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر حکومت کو بڑی دھمکی دیدی

اسلام آباد میں آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو فیول سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر عابد اللہ آفریدی نے سیکریٹری پیٹرولیم کو خط لکھ کر مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے پہلے وائٹ پائپ لائن کا کوٹہ 45 فیصد اور آئل ٹینکرز کا 55 فیصد مقرر کیا تھا، جس پر اوگرا اور وزارت پیٹرولیم کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ بھی ہوا تھا۔

خط کے مطابق وزارت نے اب یکطرفہ طور پر وائٹ پائپ لائن کا کوٹہ 45 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد کر دیا ہے، جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور اس سے آئل ٹینکرز کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچے گا۔

ایسوسی ایشن نے مؤقف اپنایا کہ اس فیصلے سے قبل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، جو کہ غیر منصفانہ اقدام ہے۔

عابد اللہ آفریدی نے مطالبہ کیا کہ وائٹ پائپ لائن کا بڑھایا گیا کوٹہ فوری واپس لیا جائے، آئل ٹینکرز کا حصہ بحال کیا جائے اور کرایوں میں بھی فوری اضافہ کیا جائے، بصورت دیگر فیول سپلائی بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close