حکومت نے توانائی بحران کے دوران کم آمدن والے افراد کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے ایک نیا طریقہ کار تیار کر لیا ہے، جس کے تحت سبسڈی موبائل ایپ کے ذریعے دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی کی تیار کردہ یہ ایپ اس وقت ٹیسٹنگ مرحلے میں ہے اور جلد ملک بھر میں متعارف کرائی جائے گی۔ اس اسکیم کا بنیادی ہدف موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان ہیں، جنہیں ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول سبسڈی کے تحت فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکام کے مطابق تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس پر سبسڈی والا پیٹرول مخصوص نوزلز کے ذریعے فراہم کیا جائے گا، جبکہ ہر پمپ پر دو موبائل فونز کے ذریعے ڈیجیٹل سسٹم چلایا جائے گا۔ صارفین کو واؤچرز موبائل ایپ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے، جنہیں مخصوص پمپس پر دکھا کر سبسڈی والا پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔ ہر صارف کا کوٹہ اس کے شناختی کارڈ اور گاڑی کے رجسٹریشن نمبر سے منسلک ہوگا تاکہ شفافیت برقرار رہے اور غلط استعمال روکا جا سکے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سبسڈی سے باہر صارفین کو عالمی منڈی کی قیمتیں ادا کرنا ہوں گی، اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ابھی زیر غور ہے۔ نظام کو مؤثر بنانے کے لیے 24 گھنٹے مانیٹرنگ سسٹم اور ہنگامی حالات میں سپلائی برقرار رکھنے کے لیے بیک اپ میکانزم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ پٹرول پمپس پر تربیتی ویڈیوز کے ذریعے صارفین اور عملے کو ایپ کے استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






