بے روزگار نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی، 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار سے منسلک کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دینے کا منصوبہ منظور کر لیا، سی ایم یوتھ ایمپلائی ایبلٹی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
پنجاب ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس میں منصوبے کی منظوری دی گئی، منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے عالمی معیار پر لانا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی اور بی پی او مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جائے گا جبکہ کسٹمر سپورٹ، کال سینٹر اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں روزگار کے وسیع مواقع ہیں۔
آئندہ 5 سال میں 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار سے منسلک کیا جائے گا، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ منصوبے پر عمل درآمد اور نگرانی کرے گا، ٹریننگ کلاس روم اور مصنوعی ورک انوائرمنٹ کے امتزاج سے ہوگی، ادائیگیاں تین مراحل میں کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل بینک ٹو بینک ٹرانسفر کے ذریعے ہوں گی، ٹریننگ فراہم کرنے والوں کی ادائیگی روزگار کے قابل تصدیق نتائج سے مشروط ہوگی۔
تربیتی فیس میں 30 فیصد عوامی شراکت کی تجویز ختم کر دی گئی، تمام اخراجات حکومت دے گی۔ کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک مقرر کی گئی، ضرورت کے مطابق لچک رکھی جائے گی اور پے رول اور تھرڈ پارٹی ویری فکیشن سے ملازمت کی تصدیق ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






