بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے اہم مطالبہ کر دیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے یورپی یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے یہ مطالبہ بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنما نسیم بلوچ کے ساتھ مل کر کیا، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یورپی یونین پاکستان کو حاصل یہ خصوصی درجہ ختم کرے۔

قاسم خان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد عمران خان جیل میں ہیں۔ عمران خان کے بیٹے کے اس مطالبے پر سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور اسے قومی مفادات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم ہونے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات شدید خطرے میں پڑ جائیں گی کیونکہ اس اسٹیٹس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں خصوصی رسائی حاصل ہے۔ اگر یہ مطالبہ پورا ہوا تو پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگی۔

ٹیکسٹائل سیکٹر میں بحران پیدا ہونے سے ملک میں بیروزگاری بڑھے گی کیونکہ اس شعبے سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ذاتی یا سیاسی بنیادوں پر پاکستان مخالف مہم ملک کے لیے معاشی طور پر انتہائی نقصان دہ ہے اور اس سے عالمی سطح پر ملک کا تشخص متاثر ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close