الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا دیدیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 21 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات روک دیے ہیں، جس میں تحریک انصاف بھی شامل ہے۔ ان جماعتوں کو کسی بھی عام یا ضمنی انتخاب میں امیدوار نامزد کرنے یا اپنا انتخابی نشان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق، پاکستان میں رجسٹرڈ کل 171 سیاسی جماعتیں ہیں، جن میں سے 150 جماعتوں کو انتخابی نشانات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان جماعتوں کو اپنے نامزد امیدواروں کے لیے اپنے الاٹ شدہ انتخابی نشان حاصل کرنے کی مکمل اجازت ہے۔

الیکشن کمیشن نے ان جماعتوں کے انتخابی نشان اس لیے روکے ہیں جو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہیں یا اپنے اثاثوں کے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کروا سکیں۔ تحریک انصاف نے پشاور کے قریب چمکنی میں اپنے ایک انٹرا پارٹی الیکشن کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرائی تھی، تاہم اس پر پارٹی کے بانی کارکن اکبر ایس بابار اور دیگر نے اعتراضات دائر کیے۔ چونکہ یہ معاملہ زیر سماعت ہے، اس لیے الیکشن کمیشن نے ابھی تک تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشانات کے اجرا کی مکمل فہرست آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close