مفت علاج اور گھر تک ادویات، عوام کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ٹی بی (تپ دق) کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت پرعزم ہے اور صحت مند معاشرے کیلئے اس مرض کے خلاف جنگ جیتنا ناگزیر ہے۔

ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے نہ صرف اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ قیمتی جانیں بھی بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے عوام میں آگاہی بڑھانے اور مسلسل جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور امراض قلب کے مریضوں کو گھروں کی دہلیز پر مفت ادویات فراہم کر رہی ہے، جبکہ صوبے بھر میں ٹی بی کی مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات، پی سی آر ٹیسٹ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے گھر گھر جا کر مریضوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح کے اسپتالوں میں ”ڈوٹس“ پروگرام کے تحت مکمل مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عام ادویات سے ٹھیک نہ ہونے والے مریضوں کیلئے خصوصی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ کمیونٹی ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی اور نجی شعبہ بھی اس مہم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close