ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ واپس، فری بجلی، فری پیٹرول سمیت تمام مراعات بھی ختم کرنے کا مطالبہ

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام پر مزید بوجھ ڈالنا ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کفایت شعاری کے نام پر عام آدمی کو نشانہ بنانے کے بجائے اشرافیہ کی مراعات ختم کرنی چاہئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے اور فری بجلی، فری پیٹرول سمیت تمام مراعات ختم کی جائیں۔ ان کے مطابق تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے جبکہ بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں کم کرنے کے لیے تیار نہیں اور سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے مہنگا جہاز خریدنے اور مہنگی گاڑیوں کے استعمال پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسے اخراجات روک کر قومی خزانے کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فائدہ بھی عوام کے بجائے کمپنیوں کو پہنچ رہا ہے جبکہ آئی پی پیز معاہدوں نے معیشت کو مزید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ان معاہدوں کی تحقیقات تک ادائیگیاں روکی جائیں۔

آخر میں انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں بڑے جاگیرداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف دیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close