رانا ثنا اللہ نے پیٹرول اور گیس کے استعمال سے متعلق عوام کو مشورہ دیدیا

فیصل آباد میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پوری قوم پیٹرول اور گیس کا استعمال کم از کم 50 فیصد تک کم کرے تاکہ عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے تاہم سیاسی اور عسکری قیادت مل کر ان مسائل سے نمٹ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے اور وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات جاری رہیں گے اور کسی کو بھی پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات رکھتا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کے مطابق کارروائیاں ہو رہی ہیں اور عوام احتجاج کی سیاست کو مسترد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں لیکن کسی قسم کی ڈیل کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد کرائے جائیں گے جبکہ حکومت کفایت شعاری مہم کو مؤثر بنانے کے لیے عوامی تعاون کی منتظر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close