تیل قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان، وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کردی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر حکومت اور عوام کو مل کر توانائی کی بچت کے اقدامات کرنا ہوں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث صورتحال غیر یقینی ہے، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر کفایت شعاری پالیسی پر عمل جاری ہے اور حکومتی اخراجات میں کمی کی جا رہی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت نے عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ روک دیا، جبکہ کفایت شعاری کے ذریعے قیمتوں پر دباؤ کم رکھنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہوگا، جبکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے ایک مؤثر نظام تشکیل دیا جائے گا تاکہ بحران سے نمٹا جا سکے۔

عطا تارڑ کے مطابق عالمی منڈی کے اثرات کے باوجود اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 250 روپے فی لیٹر تک اضافے کو روکا گیا، تاہم آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، اس لیے بچت ناگزیر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close