پاکستان نے اپنے میزائل پروگرام سے متعلق امریکی بیان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کی اسٹریٹجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی حامل ہیں۔
وزارت امور خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان کا میزائل پروگرام قومی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی صلاحیتیں بین البرِاعظمی حد سے کہیں کم ہیں اور یہ بھارت کے مقابلے میں کم از کم قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے اصول پر مبنی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں تشویش کا باعث دراصل بھارت کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ہیں، جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر متوازن اور محتاط پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام، عدم امتیاز اور تعمیری تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور خطے میں استحکام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






