حکومت نے عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بگڑتی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید ضروریات کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاہم مشرق وسطیٰ کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔
حکام کے مطابق ممکنہ سپلائی مسائل سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات ناگزیر ہوں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور تمام ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ انٹیلی جنس بیورو صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر سادگی اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔
اعلامیے کے مطابق عوام سے کہا گیا ہے کہ کار پولنگ اپنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آمد و رفت کو محدود رکھیں تاکہ ایندھن کی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






