عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی، بیرسٹر گوہر حکومت پر برس پڑے

رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کو روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ایک مجرمانہ عمل ہے۔

اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دروازے کھولے جائیں اور ملاقاتوں کی اجازت دی جائے تاکہ سیاسی ماحول میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے اور سیاسی مسائل کا حل بات چیت سے ہی نکالا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتیں بند کر کے یہ سمجھنا کہ حالات بہتر ہو جائیں گے ایک غلط فہمی ہے، ملک مزید تقسیم، دوریوں اور بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پارٹی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے احتجاجی تحریک کے حوالے سے کہا کہ اعلان ہوا بھی ہے اور نہیں بھی، محمود اچکزئی اعلان کریں گے تو صورتحال واضح ہو جائے گی، اور تمام فریقین کو سیاسی آپشن استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close