کراچی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جاری کردہ اقساط میں مبینہ طور پر لاکھوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملیر اور کورنگی دفاتر پر چھاپے مارے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ٹیم نے دونوں دفاتر میں سرچ آپریشن کیے اور بی آئی ایس پی میں مبینہ منظم کرپشن سے متعلق انکوائری کی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران متعدد اہم ریکارڈ اور شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں جن میں موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور مختلف دستاویزات شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران آٹو وِڈراول اور غیرقانونی کٹوتیوں سے متعلق چھپائی گئی شکایات بھی برآمد کی گئیں، جبکہ کچھ مستحقین کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔
ابتدائی شواہد کے مطابق ایک منظم گروہ بی آئی ایس پی کے مستحقین کا استحصال کر رہا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ مواد تحویل میں لے لیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






