چوہدری شوگر ملز کیس، عدالت کا بڑا فیصلہ

لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دے دی۔

احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز اور نواز شریف کے خلاف انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دے دی۔

نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز شریف اور نواز شریف کے خلاف کرپشن کے شواہد نہیں ملے، جس کے بعد نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی۔

درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو کیس بند کرنے کی حتمی منظوری کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا، لہٰذا عدالت تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دے۔

احتساب عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دے دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close