پاکستان نے 28 ماہ کے ریزی لینیس فنڈ کے تحت 1.4 ارب ڈالر کے پروگرام کی اگلی قسط حاصل کرنے کے لیے کلائمٹ بجٹ سے متعلق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق کلائمٹ فنانسنگ کے لیے پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ آئی ایم ایف کی شرط کے تحت کلائمٹ بجٹ کے لیے نیا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔
کلائمٹ بجٹ سے متعلق تمام اخراجات کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور کلائمٹ بجٹ ٹیگنگ کو سبسڈیز اور گرانٹس کے اخراجات تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ ٹیگنگ آئی ایم ایف پروگرام کی ایک لازمی شرط ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کے فی لیٹر پر ڈھائی، ڈھائی روپے کی کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کلائمٹ فنانسنگ کے دوسرے جائزے کی کامیابی میں کسی رکاوٹ کا امکان نہیں ہے۔
پاکستان کو کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کی دوسری قسط میں 20 کروڑ ڈالر ملیں گے، جبکہ آئی ایم ایف آئندہ ڈیڑھ سال کے دوران اس پروگرام کے تحت پاکستان کو فنڈز فراہم کرے گا۔ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے کلائمٹ فنانسنگ پروگرام میں شامل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





