حکومت نے حج پروازوں کی منسوخی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حج 2026 کے تمام انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں اور کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی صورتحال کے باوجود حج 2026 کے انتظامات کو شیڈول کے مطابق حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عازمینِ حج کے ویزوں کا اجراء تیزی سے جاری ہے جبکہ حج پروازوں کا باقاعدہ شیڈول عیدالفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عازمینِ حج کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سہولتوں کے انتظامات کو بھی حتمی مراحل میں داخل کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے حکام نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج سے متعلق مستند معلومات کے لیے صرف “پاک حج ایپ” یا وزارت کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں اور غیر مصدقہ ذرائع یا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر یقین کرنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے رواں برس حج کوٹے کی تقسیم میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ حج پالیسی 2026 کے تحت سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ بڑھا کر 70 فیصد جبکہ نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






