وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو ممکنہ حد تک کم رکھا جائے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قائم کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ذخائر کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر، درآمدی انتظامات، اور سپلائی چین کی لاجسٹکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کے ارکان کو راستے میں موجود کارگو جہازوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
کمیٹی کے ارکان نے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، سپلائی چین موثر انداز میں کام کر رہی ہے، اور آئندہ ہفتے سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے مناسب انتظامات موجود ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عالمی توانائی منڈیوں میں اس وقت نمایاں اتار چڑھاؤ موجود ہے، لیکن بروقت منصوبہ بندی کی بدولت ملک میں سپلائی صورتحال مستحکم ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور ممکنہ بیرونی منظرناموں کے ملکی معیشت پر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






