اسلام آباد: پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم سہولت فراہم کر دی گئی ہے، کیونکہ ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر اب ہفتے میں پانچ دن کھلے رہیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت تمام فیلڈ فارمیشنز اور پاسپورٹ دفاتر پیر سے جمعہ تک معمول کے مطابق کام کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی کی بچت کے اقدامات کے تحت وزیر اعظم کے کفایت شعاری منصوبے کے مطابق دفاتر کے کام کے دن کم کر کے چار کر دیے گئے تھے۔
اس دوران پچاس فیصد عملے کو گھروں سے کام کرنے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔ تاہم اب شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کو کم کرنے کے لیے پرانا شیڈول بحال کر دیا گیا ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کے مطابق ہر پاکستانی شہری کو بیرونِ ملک سفر کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنے کا حق حاصل ہے، جو نہ صرف بین الاقوامی سفر کے لیے ضروری دستاویز ہے بلکہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے شہری کو قانونی تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






