لیپ ٹاپ کے خواہشمند طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری

لاہور: پنجاب حکومت نے طلبہ کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اس اسکیم کو وسعت دینے کے لیے دو مختلف منصوبوں پر غور کر رہی ہے۔ حتمی منظوری ملنے کے بعد لیپ ٹاپس کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ پہلی تجویز کے تحت پروگرام میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا، جس سے اسکیم کی مجموعی لاگت تقریباً 40 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔ اس صورت میں تقریباً ایک لاکھ 65 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ دوسری تجویز میں پروگرام کو دوگنا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے مطابق اسکیم کی لاگت 54 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں 2 لاکھ 20 ہزار طلبہ لیپ ٹاپ حاصل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق اب تک ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد طلبہ اس اسکیم کے لیے درخواستیں جمع کرا چکے ہیں جبکہ 35 ہزار سے زیادہ طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم بھی کیے جا چکے ہیں۔ یاد رہے کہ اس پروگرام کی موجودہ مجموعی لاگت 27 ارب روپے ہے جبکہ پہلے مرحلے کے لیے ابتدائی طور پر 15 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

دوسری جانب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے لیپ ٹاپ اسکیم کے فیز ٹو کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کر دی ہے۔ اب طلبہ 20 مارچ تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق تمام درخواستیں صرف آن لائن سسٹم کے ذریعے ہی قبول کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close