وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کے لیے ہفتہ وار اضافی چھٹی کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کفایت شعاری اور توانائی بچت پر حکومتی اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عالمی حالات کے باوجود معیشت کو مستحکم رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اعلان کردہ اقدامات پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری کے لیے کیے گئے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے تاکہ ان اقدامات کے بعد اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی کہ وہ ان اقدامات کو بھرپور طریقے سے نافذ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزارتیں اور ادارے کفایت شعاری کے تحت بند کی گئی گاڑیوں کی تصاویر کابینہ ڈویژن کو فراہم کریں۔ ورک فرام ہوم کو مؤثر بنانے کے لیے ہر وزارت اپنی رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھیجے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






