ہفتے میں صرف 4 دن کام، 3 دن چھٹی، حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ایندھن کے استعمال میں کمی اور معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے نئی کفایت شعاری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے پیشِ نظر حکومت نے اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق اب دفاتر ہفتے میں صرف چار دن کام کریں گے جبکہ تین دن تعطیل ہوگی۔ اس پالیسی کا اطلاق سرکاری اور نجی دونوں اداروں پر ہوگا، تاہم بینکنگ سیکٹر، صنعتی شعبہ اور زرعی شعبہ اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے اور وہ اپنی موجودہ ورکنگ ترتیب کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔

مزید برآں حکومت نے ہدایت دی ہے کہ دفاتر کے 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال اور سفری اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔ کفایت شعاری مہم کے تحت آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری اداروں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے، جبکہ سرکاری دفاتر کے زیرِ استعمال 60 فیصد گاڑیاں بھی عارضی طور پر بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close