پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستانیوں کیلئے ایک اور بری خبر آ گئی

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ملک میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اشیائے خوردونوش پر مرتب ہونے لگے ہیں اور ملک کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور میں مہنگائی کا گراف بلند ہو گیا ہے۔

لاہور میں ٹماٹر 70 سے 75 روپے، پیاز 55 سے 60 روپے اور ادرک 310 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ آٹا، چینی اور چاول کی قیمتیں فی الوقت مستحکم ہیں، چینی 160 روپے کلو، دس کلو آٹا 910 روپے اور چاول 250 سے 400 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ تاہم مارکیٹ ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں آٹا، چینی اور چاول کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔

رمضان نگہبان بازاروں میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود قیمتیں مستحکم ہیں، جہاں پیاز 50 روپے، ٹماٹر 63 روپے اور ادرک 282 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

کراچی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ آلو 30 روپے کلو، پیاز 40 روپے کلو، پالک کی گڈی 20 سے 30 روپے، مٹر 120 روپے کلو اور ہری مرچ 150 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ ادرک اور لہسن 400 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔

پھلوں میں خربوزہ اور گولاچی 150 روپے کلو، کیلے 350 روپے درجن، کینو 400 روپے درجن اور اسٹرابیری 800 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ پھل اور سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھی قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close