پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی مسافروں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس سے شہریوں کے سفری اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں۔
ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے اسلام آباد سے لاہور جانے والے مسافروں کے کرائے میں تقریباً 230 روپے تک اضافہ کر دیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد سے کراچی کا سفر بھی مہنگا ہو گیا ہے اور اس روٹ کے کرائے میں یکمشت 600 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دیگر شہروں کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تازہ اضافے کے بعد اسلام آباد سے مظفرآباد کا کرایہ 100 روپے بڑھ کر 850 روپے ہو گیا ہے، جبکہ اسلام آباد سے فیصل آباد جانے والے مسافروں کو اب 1400 روپے کے بجائے 1650 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اب عوام کے روزمرہ سفری اخراجات پر بھی واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






