کوٹ لکھپت جیل سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا اہم پیغام

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چند اہم رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو ایک اہم خط ارسال کیا ہے جس میں موجودہ حالات کے پیش نظر اندرونی اختلافات ختم کر کے متحد ہو کر آگے بڑھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ خط شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور محمود الرشید کی جانب سے لکھا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کی بدلتی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کی قیادت اور پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے تاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ذریعے آئندہ کا مؤثر لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ رہنماؤں نے خط میں نشاندہی کی کہ اس وقت پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں پر کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ ایسے حالات میں داخلی سیاسی عدم استحکام ملک کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے، اس لیے بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اندرونی اتحاد اور ہم آہنگی بے حد ضروری ہے۔

خط میں معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ خلیجی ممالک، جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، اس وقت خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ مزید یہ کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کا ایک بڑا حصہ دوست ممالک کی جانب سے رکھی گئی رقوم پر مشتمل ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اب ان رقوم کے سالانہ کے بجائے ماہانہ رول اوور کی پالیسی اپنائی ہے، جس سے مالی معاملات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ تیل اور گیس کی عالمی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان کا درآمدی بل بڑھ سکتا ہے اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بھی ختم ہونے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال میں ضروری ہے کہ تمام سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اعتماد کی فضا بحال کی جائے۔

خط کے آخر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سیاسی جماعتوں، عسکری قیادت، عدلیہ، وکلا اور میڈیا کو مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close