بڑا فیصلہ، کرایوں میں اضافہ

لاہور: ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان ریلویز نے ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ عید الفطر سے چند روز قبل سامنے آیا ہے جس کے باعث مسافروں کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں تقریباً 20 فیصد اضافے کے بعد کرایوں میں ردوبدل ناگزیر ہو گیا تھا۔ نئے فیصلے کے تحت اکانومی کلاس کے کرایوں میں 5 فیصد جبکہ اے سی کلاسز کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور ان میں 20 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات کا بڑا حصہ بدستور پاکستان ریلویز خود برداشت کرے گی تاکہ مسافروں پر زیادہ مالی بوجھ نہ پڑے۔ نئے کرایوں کا اطلاق 9 مارچ سے ملک بھر میں چلنے والی تمام ٹرینوں پر ہو گا۔

تاہم جن مسافروں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروا رکھے ہیں، ان پر نئے کرایوں کا اطلاق نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت بھی 130 روپے 8 پیسے اضافے کے بعد 318 روپے 81 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اس بڑے اضافے کے اثرات جلد دیگر شعبوں پر بھی پڑ سکتے ہیں جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close