طالب علموں کیلئے اہم خبر، داخلوں کیلئے نیا معیار جاری

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بیرون ملک میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے نیا معیار جاری کر دیا ہے۔

نئے معیار کے مطابق بیرون ملک میڈیکل ایجوکیشن کے لیے ایف ایس سی پری میڈیکل یا مساوی امتحان میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان میں بھی کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہو گا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق بیرون ملک داخلہ لینے والے طلبہ کو مقررہ معیار کے مطابق لازمی آن لائن رجسٹریشن کرانی ہو گی۔ آن لائن رجسٹریشن کے بعد طلبہ پاکستان میں پریکٹس کے لیے نیشنل رجسٹریشن امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ یہ شرائط پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت نیشنل رجسٹریشن امتحان اور عارضی رجسٹریشن کے حصول کے لیے لازم قرار دی گئی ہیں۔

بیرون ملک میڈیکل گریجویٹس کے لیے متعلقہ غیر ملکی ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ متعلقہ میڈیکل ادارے کا ایجوکیشنل کمیشن فار فارن میڈیکل گریجویٹس سے تسلیم شدہ ہونا بھی ضروری ہے۔

پی ایم ڈی سی نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک داخلہ لینے سے پہلے ادارے کی منظوری کی حیثیت ای سی ایف ایم جی کی ویب سائٹ سے چیک کریں اور مزید معلومات و رہنمائی کے لیے کونسل کی ویب سائٹ سے رجوع کرتے رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close