کیا دفاتر اور اسکول ہفتے میں کم دن کھلیں گے؟ حکومت کا بڑا پلان سامنے آگیا

اسلام آباد: حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور مؤثر استعمال کے لیے اہم اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت دفاتر اور تعلیمی اداروں کے ورکنگ دن کم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور کھپت کا جائزہ لینے کے لیے ہائی پاورڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایندھن کی کھپت کم کرنے کے لیے دفاتر، تعلیمی اداروں اور مختلف سروس فراہم کرنے والے شعبوں کے ورکنگ دنوں میں کمی کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تعلیمی اداروں میں جزوی طور پر ورچوئل تعلیم متعارف کرانے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی اپنانے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک کا بہتر استعمال یقینی بنانا اور ایندھن کی طلب میں کمی لانا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جائے، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج ان تجاویز پر غور کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close