کراچی: شہر قائد میں آج شام 7 بجے سے چاند رات تک بڑے شاپنگ سینٹرز، اسٹورز اور تجارتی مراکز کے باہر رکشہ، ٹیکسی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
کراچی ٹریفک پولیس نے عید کی خریداری کے دوران شدید ٹریفک جام سے بچنے کے لیے ہنگامی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق:
* طارق روڈ و بہادر آباد میں اللہ والی چورنگی سے اتحاد سگنل اور بہادر آباد تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ بند ہوگا۔ کمرشل گاڑیاں اللہ والی سے نورانی، میڈیکیر اور شہیدِ ملت روڈ استعمال کر سکیں گی۔
* مین راشد منہاس روڈ اور پل کے نیچے بھی رکشہ، ٹیکسی اور کمرشل گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی ہوگی۔ ڈرگ روڈ سے آنے والی ٹریفک پل کے اوپر سے نیپا کی جانب جا سکے گی۔
* فوارہ چوک سے جی پی او، سنگر چوک سے زیب النساء اسٹریٹ اور تبت چوک سے جامع کلاتھ تک رکشہ اور ٹیکسیوں کی رسائی نہیں ہوگی۔
* نارتھ کراچی سے حیدری آنے والے کمرشل ٹریفک کو متبادل راستوں پر بھیجا جائے گا، جبکہ شارع نورجہاں سے نارتھ کراچی کا راستہ استعمال ہوگا۔
* رش کی صورت میں کلفٹن برج سے تین تلوار تک اور کے پی ٹی انڈر پاس سے باتھ آئی لینڈ کے ذریعے کلفٹن برج کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے پولیس افسران کے لیے نیا روسٹر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شام 7 بجے سے افسران اور اسٹاف تمام تجارتی مراکز پر ڈیوٹی سنبھالیں گے اور اضافی نفری کے ساتھ ٹریفک روانی برقرار رکھی جائے گی تاکہ شہریوں کی خریداری آسان ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






