پاکستان میں کتنے دن کا پیٹرول اور ڈیزل موجود ؟ خبر آگئی

اسلام آباد: ملکی معاشی صورتحال اور پیٹرولیم ذخائر سے متعلق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے قائمہ کمیٹی کو ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور توانائی کے ذخائر پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں اس وقت 28 دن کا ڈیزل اور پیٹرول موجود ہے جبکہ مجموعی طور پر مارچ کے آخر تک کے پیٹرولیم ذخائر دستیاب ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں تیل و گیس کی کوئی قلت نہیں ہے تاہم علاقائی کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کورونا دور کی طرز پر پیٹرولیم کی بچت سے متعلق مختلف فیصلوں پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ توانائی کی بچت کو اپنائیں تاکہ مقامی ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو باقاعدہ ریگولیٹ کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اہم فیصلے فوری طور پر لیے جائیں گے۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت توانائی کی بچت کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ عالمی و علاقائی حالات کے پیش نظر ملکی معیشت کو مستحکم رکھا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close