خواتین کاروباری شخصیات کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے 25 فیصد ٹیکس رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت خواتین انٹرپرینیورز ٹیکس سال 2025 سے اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز میں 25 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گی۔
فیڈرل ٹیکس محتسب پاکستان کے فیصلے کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاکستان نے باضابطہ طور پر اس حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ یہ رعایت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکنڈ شیڈول، پارٹ تھری کی کلاز 19 کے تحت دی جائے گی۔
ڈی جی آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ان لینڈ ریونیو کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن میں خواتین کاروباری افراد کے لیے علیحدہ ٹیب متعارف کرانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نئی سہولت کے تحت خواتین کاروباری شخصیات آسانی سے 25 فیصد ٹیکس رعایت کا دعویٰ کر سکیں گی۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام خواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






