جماعت اسلامی کا افغانستان سے بامقصد مذاکرات کا مطالبہ

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت عالمی طاقتوں کو شامل کرکے افغانستان سے بامقصد مذاکرات کرے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں جنگی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب طالبان حکومت اقتدار میں آئی تھی تو پورے پاکستان نے اسے خوش آمدید کہا تھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستانی عوام افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور افغانستان کو چاہیے کہ اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کو نکالے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عالمی طاقتوں کو شامل کرکے افغانستان سے مذاکرات کرے اور کہا کہ ہم آپس میں لڑ کر امریکا اور اسرائیل کو خوش نہیں کرنا چاہتے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے اور ایران کو چاروں طرف سے گھیر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس وقت ایران کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیل کو واضح پیغام جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہے اور شہر کا اختیار واپس لیا جائے گا، جبکہ کراچی کا پیسہ کراچی پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب یہ مشکلات میں پھنس جاتے ہیں تو ایم کیو ایم ان کی مدد کو آتی ہے۔ انہوں نے کارکنان سے اپنی جدوجہد تیز کرنے اور اپنے حقوق کے لیے آگے بڑھنے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close