اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کیلیے بڑی خوشخبری؛1 کروڑ روپے تک کا قرضہ ملے گا

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم کے تحت قرض کی حد ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی اقتصادی ترقی اور ہاؤسنگ منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم کی سمری منظور کر لی گئی اور کم لاگت گھروں کے لیے قرض کی حد ایک کروڑ روپے مقرر کر دی گئی۔

اجلاس میں سستی ہاؤسنگ اسکیم کے تمام صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد شرح سود کی منظوری بھی دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پہلے سے جاری شدہ قرضوں کو بھی 5 فیصد شرح پر منتقل کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق تھر کول ریل لنک کے لیے 6.6 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی جس سے مقامی کوئلے کی پاور پلانٹس تک ترسیل آسان ہوگی، جبکہ بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے 7.8 ملین روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق یہ اقدامات ملکی اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم ہیں اور بجلی کی پیداوار اور ہاؤسنگ کے شعبے میں بہتری کا باعث بنیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close