پاک افغان سرحدی صورتحال پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی تشویشناک ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور کسی کو سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے سرحد پر اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور اس تناظر میں تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ حکومت سرحدی اضلاع کے عوام کے خدشات سے پوری طرح آگاہ ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





