نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مارچ سے ستمبر 2026 کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئر پگھلنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعات سے آبادیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقوں احمد آباد، فیض آباد، گلمت اور وادی اشکومن میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے علاقوں کمراٹ، ریشون، یارخن ویلی اور بریپ میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ کر دیا ہے۔ متعلقہ انتظامیہ کو ہنگامی انخلا کا لائحہ عمل تیار رکھنے اور وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






