کراچی میں ٹریفک پولیس کی کارروائیوں سے متعلق اہم پالیسی تبدیلی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے نو پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھانے سے روک دیا۔
ٹریفک اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح ہدایت دی کہ کسی بھی صورت موٹر سائیکل لفٹنگ نہیں کی جائے گی۔ نئی پالیسی کے تحت اگر کوئی شہری موٹر سائیکل غلط جگہ پارک کرے تو اسے اٹھانے کے بجائے چین لاک لگا دیا جائے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق موقع پر موجود اہلکار روبو کار ٹیم کو طلب کریں گے، تصویر لے کر چالان جاری کیا جائے گا تاکہ کارروائی شفاف رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹ موجود نہ ہو، انہیں تحویل میں لیا جائے گا اور نمبر پلیٹ لگنے تک واپس نہیں کیا جائے گا۔ ایسے تمام کیسز کی رپورٹ براہِ راست انہیں ارسال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





