وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے جعلی ٹریول ایجنسی کا پردہ فاش کرتے ہوئے کارروائی کے دوران آٹھ پاکستانی پاسپورٹس، دو چیک بکس اور تین سرکاری مہریں برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے گلشن اقبال میں واقع ایک ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔ کارروائی کے دوران مختلف ممالک کے ورک ایگریمنٹس سمیت متعدد دستاویزات بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم اینڈریو رابرٹ کاروبار سے متعلق کوئی قانونی لائسنس پیش نہیں کر سکا۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک روزگار دلانے کے نام پر بھاری رقوم بٹور کر غیرقانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیتے تھے۔
حکام نے بتایا کہ ٹریول ایجنسی کا مالک متحدہ عرب امارات میں بھی اسی نوعیت کا کاروبار کر رہا ہے۔ کارروائی کے دوران مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





