راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے جیل سے پیغام بھجوایا ہے کہ انہیں نظر نہیں آ رہا اور ان کے ذاتی معالجین کو فوری طور پر ان تک رسائی دی جائے۔
اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرائے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے علیمہ خان نے اپنی بہنوں کے ہمراہ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی جبکہ انہیں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے ذاتی ڈاکٹر ان کا معائنہ نہیں کریں گے، وہ کسی سرکاری رپورٹ یا بیان پر یقین نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ فیملی اور ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے، جب تک عمران خان کو اسپتال منتقل نہیں کیا جاتا اور شفاف معائنہ نہیں ہوتا، ہم کسی بات کو تسلیم نہیں کریں گے۔ اس موقع پر عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ نے بھی سوال اٹھایا کہ اگر کوئی بیماری ہے تو اسے سامنے لایا جائے، حقائق کو چھپانے کی کیا ضرورت ہے؟ واضح رہے کہ یہ بیان راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کے دوران دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






