سابق ممبر قانون ساز اسمبلی پی ٹی آئی چھوڑ کر ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل

اسلام آباد: سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی۔

مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر میں شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔ وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، سابق وزیر آزاد جموں و کشمیر مشتاق منہاس، مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے صدر رانا غلام قادر، سابق سینٹر چوہدری تنویر نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر راجہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجہ امتیاز نے سب کو 2006ء میں اکٹھا کیا تھا تو ہم نے سیٹ جیتی تھی، اختلاف کی وجہ راجہ امتیاز کو نظر انداز کرنا تھا، آج دوبارہ ہم اس پلیٹ فارم پر یعنی مسلم لیگ ن میں واپس آ رہے ہیں، انشاء اللہ اب ماضی کی طرح آزاد جموں و کشمیر کو مضبوط کریں گے اور انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں گے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجہ مجاہد اور راجہ قیصر کو مسلم لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، پروگرام میں شرکت راجہ امتیاز کی وجہ سے کی، آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کامیابی حاصل کرے گی، جب بھی موقع ملا آزاد جموں و کشمیر کی سیاست کا جو حق ادا کر سکے کریں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر کا راجہ مجاہد وغیرہ کے شمولیتی پروگرام سے خطاب میں کہنا تھا کہ راجہ مجاہد آپ کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتے ہیں، ایک گزارش ہے ایک دوسرے کو فتح نہیں کرنا، ہمیں مخالف کو فتح کرنا ہے اس پر توجہ دینی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close