وزیراعظم الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم کے تحت سستی موٹر سائیکلیں اور رکشے کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ای وی اسکیم میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشوں پر دی جانے والی سبسڈی سے متعلق تفصیلات بتائی ہیں۔
حماد منصور نے بتایا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم میں آئندہ 5 سال کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے رواں مالی سال کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار موٹر سائیکلوں پر فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی ۔ جبکہ الیکٹرک رکشا اسکیم کے تحت ہر رکشے پر 4 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
سی ای او نے کہا کہ اسکیم کے تحت وزیراعظم ای وی بائیکس کی قیمت دیگر برانڈز سے 50 سے 60 ہزار روپے سستی ہے۔ اس اسکیم کے تحت جون تک 76 ہزار موٹر سائیکل فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
حماد منصور نے کہا کہ اس اسکیم سے صرف وہی مستفید ہو سکتے ہیں، جن کی عمر 18 سال سے زائد ہے اور وہ ڈرائیونگ لائسنس بھی رکھتے ہیں ۔
سی ای او انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم 100 فیصد شفاف ہے اور اس اسکیم کے تمام مراحل خودکار نظام سے منسلک ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے بچاتی ہے بلکہ ہر ماہ پٹرول کی مد میں 8 ہزار روپے کی بچت بھی کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





