گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

رمضان المبارک میں گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے خریداروں کے ہوش اڑا دیے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک شروع ہوتے ہی گوشت کی فی کلو قیمتوں میں 20 یا 50 نہیں بلکہ ڈیڑھ سو سے دو سو روپے تک اضافے نے خریداروں کے ہوش اڑا دیے۔ بکرے کا گوشت جو رمضان سے قبل بائیس سو روپے فی کلو تھا اب 24 سو سے 25 سو روپے میں مل رہا ہے جبکہ بڑے کا گوشت بھی ساڑھے 13 سو سے بڑھ کر 1500 روپے تک ہو گیا ہے۔

یہ قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں، ضلعی انتظامیہ نے بکرے کے گوشت کی قیمت دو ہزار روپے فی کلو، بڑے کا ہڈی والا گوشت ایک ہزار پچاس جبکہ بغیر ہڈی 12 سو روپے فی کلو مقرر کیا ہے۔ دکاندار کہتے ہیں کہ سرکاری نرخ پر انہیں نقصان ہوتا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت گرانفروشی کو روکنے کے لیے روایتی نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات کرے ورنہ وہ رمضان بھر لوٹتے رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے اعلانات اور دعووں کے برعکس سرکاری نرخ نامے پر کھلے عام عملدرآمد نہیں ہو رہا، شہری گرانفروشی کے رحم و کرم پر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close