عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں پیشرفت، عدالت کا بڑا حکم

بانی پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں عدالت نے ملزمان کے خلاف 5 مارچ تک مکمل چالان جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سی ایف او سراج احمد اور نجی بینک کے ملازم فیصل قاضی بھی شامل تفتیش ہو گئے۔ عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ کے روبرو کیس کی سماعت میں ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ 2 نئے ملزمان کے بعد چالان دوبارہ سے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ پہلے اس کیس کا جزوی چالان جمع ہو چکا ہے، اب 2 نئے ملزمان بھی تفتیش میں شامل ہو چکے ہیں، بعد ازاں ضمنی چالان کے بجائے مکمل چالان ہی عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔ جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ کو اب دوبارہ چالان مکمل کروانے کے لیے کتنی مہلت چاہیے؟ جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت 10 سے 15 دن کا وقت دے، ہم چالان مکمل جمع کروا دیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے 5 مارچ تک بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف مکمل چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا اور ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت 5 مارچ تک منظور کر لی۔ عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close