طلباء و طالبات کے لئے اہم خبر، بورڈ کے امتحانات کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی

لاہور بورڈ نے امتحانات کے طریقۂ کار میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات کے تھیوری حصے کی ای-مارکنگ کی جائے گی۔

لاہور بورڈ کے زیرِ اہتمام ہونے والے امتحانات میں نئے نظام کے تحت نویں جماعت کے طلبہ کے پریکٹیکلز باقاعدہ ہوں گے، جبکہ ان کی جانچ کے لیے جدید ای-مارکنگ سسٹم استعمال کیا جائے گا۔ سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریکٹیکل امتحانات کے دوران انویجیلیٹرز کی جانب سے مِس مینجمنٹ کی متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پریکٹیکل کے پیپرز کا تھیوری حصہ بھی سینٹرلائزڈ مارکنگ سینٹر پر چیک ہوگا، بالکل اسی طرح جیسے دیگر تحریری امتحانات کی کاپیاں جانچی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پریکٹیکل ایگزامنرز کو دیے گئے مکمل 30 نمبرز کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آ رہی تھیں، جس پر وزیرِ تعلیم رانا سکندر اور مزمل محمود کی ہدایت پر اس نظام میں فوری تبدیلی کی گئی۔ اب پریکٹیکل امتحانات کی مارکنگ بھی سینٹرلائزڈ ہوگی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ رضوان نذیر کے مطابق، لیبارٹریز میں کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی کی جا سکے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔

ای-مارکنگ کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ طلبہ کو جوابات کے لیے خصوصی “ای-شیٹ” فراہم کی جائے گی، جس میں ہر سوال کے لیے مخصوص جگہ مختص ہوگی۔ پیپر بورڈ کو موصول ہونے کے بعد اسکین کیا جائے گا اور اسے مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت ایگزامینرز کو مارکنگ سینٹر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہیں لاگ اِن آئی ڈی دی جائے گی جس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے کاپیاں چیک کر سکیں گے، جبکہ بورڈ کی جانب سے انہیں رئیل ٹائم کیمرہ مانیٹرنگ کے ذریعے دیکھا جائے گا۔

مزید یہ کہ، ایک ایگزامینر پر سینکڑوں پیپرز کا بوجھ ڈالنے کے بجائے، اب مختلف جوابی کاپیوں سے صرف مخصوص سوالات جانچ کے لیے بھیجے جائیں گے، جس سے مارکنگ کا عمل تیز اور زیادہ مؤثر ہو سکے گا۔ لاہور بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا کہ پورے پنجاب میں فرسٹ ائیر کے پہلے سالانہ امتحان میں آئی سی ایس (ICS) کا ایک پیپر ای-مارکنگ کے تحت لیا جائے گا، جبکہ آئندہ دو سے تین برسوں میں تمام پیپرز کو مکمل طور پر ای-مارکنگ سسٹم پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close