علیمہ خان کے لئے عدالت سے بہت بری خبر آ گئی

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے 13ویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی ہوئی۔ عدالت میں علیمہ خان پیش نہ ہوئیں، جس پر ان کے وکلا کی جانب سے دائر استثنا کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

عدالت نے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دونوں ضمانتیوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔ پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں موجود رہی اور پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کے مطابق استغاثہ کے 38 گواہان اب تک عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔ استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر سماعت میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ علیمہ خان کو ہر حال میں 19 فروری کو عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ ہدایت کی گئی کہ علیمہ خان اور ان کے ضمانتیوں کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ علیمہ خان کے خلاف یہ 13ویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close