ماہ رمضان میں موسمی صورتحال کیا ہوگی ؛ این ڈی ایم اے نے بتادیا

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے رمضان 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم متوقع ہے۔

جائزے کے مطابق دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔ رمضان کے پہلے عشرے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں راتیں ٹھنڈی رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسرے عشرے کے دوران موسم میں کچھ گرمی بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے، خاص طور پر شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے اختتام تک گرمی میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close