ایک لیٹر پٹرول، ڈیزل پر شہری کتنا ٹیکس ڈیوٹیز دے رہے ہیں؟

اسلام آباد: وزارت پٹرولیم کی جاری دستاویز کے مطابق پاکستانی شہری پٹرول اور ڈیزل پر بھاری ٹیکسز اور ڈیوٹیز ادا کر رہے ہیں۔ ایک لیٹر پٹرول پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کا حصہ کل قیمت کا 39 فیصد جبکہ ڈیزل پر 34 فیصد بنتا ہے۔

پٹرول پر فی لیٹر مجموعی ٹیکسز اور ڈیوٹیز 100 روپے 21 پیسے ہیں، جن میں 84 روپے 40 پیسے پٹرولیم لیوی، 13 روپے 31 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔ ڈیزل پر فی لیٹر ٹیکسز 94 روپے 93 پیسے ہیں، جس میں 76 روپے 21 پیسے پٹرولیم لیوی، 15 روپے 68 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہیں۔

تیل کمپنیاں پٹرول اور ڈیزل پر 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر جبکہ پٹرولیم ڈیلرز 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر مارجن وصول کر رہے ہیں۔ مزید برآں، پٹرول پر 8 روپے 23 پیسے اور ڈیزل پر 6 روپے 25 پیسے فی لیٹر فریٹ چارج بھی شامل ہے۔

مٹی کے تیل پر 11 فیصد اور لائٹ ڈیزل پر 10 فیصد ٹیکسز عائد ہیں، جبکہ ہائی اوکٹین پٹرول پر پٹرولیم لیوی 84 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہے۔ اس رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر شہریوں کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹیز کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close