سپریم کورٹ نے سزائے موت اور عمر قید کے مقدمات 45 دن میں نمٹانے کا ہدف مقرر کر دیا
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق اکتوبر 2024 سے فوجداری مقدمات کی زیر التوا تعداد 19 ہزار 549 سے کم ہو کر 12 ہزار 705 رہ گئی ہے۔ 9 تا 14 فروری کے دوران سزائے موت اور عمر قید سے متعلق 354 مقدمات نمٹائے گئے، جبکہ رواں ہفتے 131 نئے مقدمات دائر ہوئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ نمٹائے گئے مقدمات کی شرح دائر ہونے والے مقدمات سے تقریباً 270 فیصد زیادہ رہی، اور جنوری 2026 تک تمام زیر التوا سزائے موت کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے مخصوص بینچز، اصلاحاتی گروپس اور عدالتی ٹیموں کو مربوط حکمت عملی کے تحت اہداف کے حصول کے لیے سرگرم رکھنے کا اعلان کیا۔ چیف جسٹس نے زیر سماعت قیدیوں سے متعلق جیل پٹیشنز کو منظم اور تیز رفتار بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں، اور فیصلہ کیا گیا کہ جیل پٹیشنز دائر ہونے سے فیصلے تک واضح اور قابلِ پیشگوئی ٹائم لائن متعارف کروائی جائے گی۔ فوجداری مقدمات میں جمود کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






