وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج 2026 کا اجراء کر دیا اور کہا کہ ہر مستحق حقدار کو 13 ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بٹن دبا کر 38 ارب روپے کے حجم پر مشتمل “رمضان ریلیف پیکیج 2026” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
اس پیکیج کے تحت ملک بھر کے 1 کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کے اکاؤنٹس میں نقد رقوم کی منتقلی کا سلسلہ فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 38 ارب روپے وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حقداروں کو ڈیجیٹل والٹس اور ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں بلا تفریق 13 ہزار روپے فی حقدار خاندان فراہم کیے جائیں گے، 21 لاکھ سے زائد ایسے خاندانوں کو ادائیگیاں کی جائیں گی جو کسی سرکاری کفالت پروگرام کا حصہ نہیں ہیں۔
پہلے سے زیر کفالت ایک کروڑ خاندانوں کے لیے بھی 10 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، ایک کروڑ 21 لاکھ خاندانوں میں رقوم بلا تفریق تقسیم کی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان پیکیج سے مستفید ہونے والے افراد کا مجموعی حجم 6 کروڑ ہو جائے گا جبکہ مستحق خاندانوں کو بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے اشیاء کی فراہمی کا فرسودہ نظام ختم کر دیا ہے، جہاں معیار ناقص تھا اور عوام کو طویل قطاروں میں ذلیل ہونا پڑتا تھا۔
وفاقی وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی رمضان پیکیج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 9999 قائم کر دی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری بی آئی ایس پی عامر علی نے پیکیج کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اس سال تاریخی ریلیف پیکیج مرتب کیا گیا ہے، پیکیج کا مقصد مستحق طبقات کو باعزت اور شفاف طریقے سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ 2025 میں رمضان پیکیج کے تحت ہر مستحق خاندان کو پانچ ہزار روپے دیے گئے تھے، وزیراعظم کی ہدایت پر اس سال رمضان پیکیج کے تحت رقم بڑھا کر 13 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






