عمران خان کو اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کے حکومتی فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خاندان کو اعتماد میں لیے بغیر عمران خان کی جیل سے اسپتال منتقلی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، خاندان اور معالجین کی عدم موجودگی میں کوئی طبی معائنہ قبول نہیں۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر رازداری ناقابل قبول ہے، ان کا ہر طبی معائنہ ذاتی معالجین اور خاندان کے فرد کی موجودگی میں کرایا جائے، پارٹی کے تجویز کردہ معتبر ڈاکٹرز اور اسپتال کی نگرانی میں علاج یقینی بنایا جائے۔
قبل ازیں، وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم کو آنکھ کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے اور ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بیٹوں سے فون پر بات کی سہولت فراہم کی گئی ہے، حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے، ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی بے بنیاد پروپیگنڈے یا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاج سے متعلق حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے قومی سنجیدگی اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






