ٹماٹر اور مرچ کی کاشت سے متعلق اہم خبر

ٹماٹر اور مرچ کی کاشت کے حوالے سے کاشتکاروں کے لیے اہم خبر آئی ہے، دونوں سبزیوں کی کاشت بذریعہ پنیری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کاشتکاروں کو ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت عدیل احمد کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں، انھوں نے کہا کہ موسم گرما کی سبزیوں کی کاشت کے دوران کاشتکار اس بات کو یقینی بنائیں کہ ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے۔

ٹماٹر اور مرچ کی کاشت کے لیے ایسی پنیری کا انتخاب کیا جائے جس کی عمر 30 سے 35 دن تک ہو، نیز پنیری کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کیا جائے تاکہ اچھی پیداوار اور بہترین فصل کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے مزید کہا کہ ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، بینگن، کریلے، گھیاکدو، چپن کدو، کالی توری، بھنڈی توری، تر اور کھیرے کی کاشت کا بہترین وقت فروری سے مارچ تک ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ سبزیاں 20 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین نشو و نما پاتی ہیں جبکہ اس سے زیادہ یا کم درجہ حرارت پیداوار پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور فصل بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

عدیل احمد نے کہا کہ کاشتکار سبزیوں کے اگاؤ کے لیے ایسے بیج کا بھی انتخاب کریں جس کے اگاؤ کی شرح 80 فیصد سے کم نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت کے لیے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی زرخیز زمین منتخب کی جائے اور ایسے بیج حاصل کیے جائیں جو کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف بھرپور قوت مدافعت رکھتے ہوں تاکہ فصل اچھی ہو سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close